16 اپریل 2012 - 19:30

امريکي وزير خارجہ ہيلري کلنٹن نے ايک بار پھر پاکستان سے مطالبہ کيا ہے کہ وہ طالبان کے حقاني نيٹ ورک کے خلاف موثر کاروائي کرے-

ابنا: برازيل کے دارالحکومت برازيليا ميں اخبار نويسوں سے بات چيت کرتے ہوئے امريکي وزير خارجہ کا کہنا تھا کہ کابل کے حاليہ حملوں ميں حقاني نيٹ ورک کے ملوث ہونے کے اشارے ملے ہيں-

انہوں نے کہا کہ امريکہ پاکستان پر حقاني نيٹ ورک کے خلاف کاروائي کے لئے دباؤ ڈالتا رہے گا-

واضح رہے کہ امريکہ اور افغانستان کا الزام ہے کہ طالبان کے حقاني نيٹ ورک کے پاکستان کے قبائلي علاقوں ميں محفوظ ٹھکانے ہيں اور اسے پاکستان کے خفيہ ادارے آئي ايس آئي کي حمايت بھي حاصل ہے-

پاکستان امريکي الزامات کي سختي کے ساتھ ترديد کرتا رہا ہے- امريکي وزير خارجہ نے مزيد کہا کہ انہوں نے کابل حملے بعد پاکستان کي وزير خارجہ حنا رباني کھر سے ٹيلي فون پر بات چيت کي ہے جس ميں بقول  انکے انہوں نے يہ بات زور ديکر کہي ہے کہ دہشتگردي کے خلاف نيٹو افغانستان اور پاکستان کو مشترکہ کاروائي کرنا چاہيے-

قابل ذکر ہے کہ اتوار کو دو پہر کے بعد  طالبان نے کابل سميت افغانستان کے تين صوبوں ميں ايک ساتھ حملہ کيا - طالبان نے اپنے حملوں ميں مغربي ممالک کے سفارتخانوں، اور افغان پارليمنٹ کو نشانہ بنايا جس کے بعد شروع ہونے والي لڑائي پير کي صبح تک جاري رہي-

افغانستان کے صدر حامد کرزئي نے کابل حملوں پر شديد برہمي کا اظہار کرتے ہوئے اسے نيٹو کي انٹيلي جينس ناکامي قرار ديا ہے-
 .......

/169